خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، ہینگلی پیٹرو کیمیکل کمپنی، جو چین کی سب سے بڑی خود مختار ریفائنرز میں سے ایک ہے، کے حصص کی قیمت آج صبح 10 فیصد تک گر گئی، جب امریکا کی جانب سے گزشتہ ہفتے ایرانی تیل خریدنے کے الزام میں فرم پر پابندیاں عائد کی گئیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے جمعہ کو کہا کہ ریفائنر “خام تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے لیے ایران کے سب سے بڑے صارفین میں سے ایک ہے” اور اس نے اربوں ڈالر مالیت کا ایرانی پیٹرولیم خریدا ہے۔
کمپنی نے ایران کے ساتھ کسی قسم کے لین دین کی تردید کی ہے۔
چین نے امریکہ کی “غیر قانونی” یکطرفہ پابندیوں کی مذمت کی ہے اور واشنگٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ “تجارتی اور سائنس ٹیکنالوجی کے مسائل پر سیاست کرنا اور انہیں ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بند کرے” اور “چینی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کے لیے مختلف قسم کی پابندیوں کا غلط استعمال بند کرے”۔